اسلام آباد(پی این آئی) شہرِ اقتدار کے رہائشیوں کیلئے بری خبر،میٹرو بسوں کے کرائے بڑھا دئیے گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد میں بلیو،گرین اور اورنج لائن میٹرو بس سروس کے کرایوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سی ڈی اے نے تینوں میٹرو بسوں کے کرایوں میں اضافہ کیا۔ گرین اور بلیو لائن بسوں کا کرایہ 30 روپے سے بڑھا کر 50 روپے کر دیا گیا،این فائیو سے اسلام آباد ائیر پورٹ تک کرایہ 50 روپے سے 90 روپے ہو گیا۔ کرایوں میں اضافے کا اطلاق نوٹیفکیشن کے بعد ہو گا۔ سی ڈی اے بورڈ کے اجلاس میں کرایوں میں اضافے کی تجویز دی گئی، اور اجلاس میں ہی کرایوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن ریٹائرڈ انوار الحق کے مطابق بسوں کو سبسڈائز ریٹ پر چلانے کیلئے پیسے نہیں،کرایوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد پاکستان ریلوے نے بھی کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کر دیا تھا۔ تمام میل ایکسپریس،پسنجر اور انٹر سٹی ٹرینوں کے کرائے بڑھائے گئے،ریلوے انتظامیہ نے پارسل اور لیگج ریٹ میں بھی 5 فیصد اضافہ کیا۔ ریلوے انتظامیہ نے کرایوں میں اضافے کا نوٹیفیکشن بھی جاری کیا۔ ریلوے کے کرائے میں ایک ماہ کے دوران دوسری بار اضافہ کیا گیا،ریلوے انتظامیہ نے 16 اگست کو بھی مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا تھا۔ جبکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ کرایوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
آل پاکستان ٹرانسپورٹ اونرز فیڈریشن کے ترجمان ایچ ایم جہانگیر نے بتایا تھا کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے تناسب سے کرائے بڑھانے پر مجبور ہیں۔ جبکہ نگران حکومت نے پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 14 روپے 91 پیسے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 18 روپے 44 پیسے اضافہ کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں