ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو بطور ڈی جی آئی ایس آئی توسیع دینے کا فیصلہ

اسلام آباد(پی آئی آئی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو بطور ڈی جی آئی ایس آئی توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سینئر صحافی کامران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ ایسے وقت میں جب آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت میں عسکری قیادت پاکستان کو بدترین معاشی بحران، دہشت گردی میں اضافے اور انتہائی اہم جیو پولیٹیکل پیش رفت کا جواب دینے کے لیے کمر بستہ ہے، باخبر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ متعلقہ قیادت نے لیفٹیننٹ جنرل کی خدمات میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ کامران خان نے دعویٰ کیا کہ جنرل ندیم احمد انجم مزید ایک سال تک ڈی جی آئی ایس آئی کے عہدے پر فائز رہیں گے۔ کامران خان نے مزید کہا کہ پاک آرمی پاکستان کی معیشت کو درپیش اہم مسائل سے نمٹنے کے لیے آئی ایس آئی اور متعلقہ سویلین ایجنسیوں کے ساتھ مل کر ایران اور افغانستان کی سرحد کے ساتھ اسمگلنگ کے خاتمے، ڈالر کی کمی اور تیز رفتار نجکاری کی سہولت فراہم کرنے میں مرکزی کردار ادا کرے گی۔ آئی ایس آئی اور ایم آئی سمیت ملٹری سیکورٹی سروسز کے تمام اہم عناصر زرعی معدنیات کی کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں فوج کے زیر انتظام SIFC کے تحت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لیے پیش پیش ہیں۔پاکستان کے ٹیکسیشن سسٹم میں نان فائلرز کے کلچر کو کم کرنے اور سندھ میں ادارہ جاتی سرکاری بدعنوانی کے خاتمے کے لیے بھی مہم شروع کی جائے گی۔

کامران خان نے مزید کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی بطور تھری سٹار جنرل مدت ملازمت اس ہفتے کے آخر پر ختم ہونے والی تھی۔لیفٹیننٹ جنرل توسیع حاصل کرنے والے پہلے ڈی جی آئی ایس آیی نہیں ہیں۔اس سے قبل جنرل اختر عبدالرحمن خان اور لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی بطور ڈی جی آئی ایس آئی مدتِ ملازمت میں توسیع کی گئی تھی۔سینئر صحافی نے مزید کہا کہ تاحال فوجی قیادت کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل ندیم کی بطور ڈی جی آئی کی توسیع کے حوالے سے کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close