ریاست کو بچایا نہیں ڈبویا گیا، عوام اپنی بقاء کے لئے سڑکوں پر آئے ہیں، شیخ رشید پھٹ پڑے

راولپنڈی(انٹرنیوز)سربراہ اے ایم ایل شیخ رشید نے کہا ہے کہ ریاست کو بچایا نہیں ڈبویا گیا، عوام سیاست نہیں اپنی بقاء کے لئے سڑکوں پر آئے ہیں،آئی ایم ایف کی ڈیل پر مٹھائیاں بانٹنے والے لندن میں پناہ لئے بیٹھے ہیں۔سوشل میڈیا بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ بجلی کا دگنا بل معاشی خودکشی ہونا ہے، اگلے مہینے دیکھیں پٹرول اور بجلی کیا رنگ دکھاتی ہے، وہ وقت آگیا ہے ہمیں معاشی غلامی کی بیڑیاں توڑنی پڑیں گی، سفید پوش معاشی طور پر زندہ مرگیا ہے، صدر اور وزیر اعظم دونوں ٹوئٹر پر آ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈیل پر مٹھائیاں بانٹنے والے لندن میں پناہ لئے بیٹھے ہیں،ملک وغریب کو تباہی کی جانب دھکیل کر اسحاق ڈار بھی لندن پہنچ گئے ہیں، سارے رشتے دار اپنی اصل پناہ گاہ سے بھی باہر نکلنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ اتحادی جماعتیں (ن) لیگ سے کنارہ کشی اختیار کریں گی، ساری خرابی کا بوجھ (ن) لیگ کو ہی اٹھانا پڑے گا، نگران وزیر اعظم کے کمرے کا اے سی بند کرنے سے غریب کے بل پر اثر نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ جب 13جماعتوں نے بجلی بلوں،پٹرول بارے آئی ایم ایف سے معاہدہ کیا تھا کیا اس وقت ان کی آنکھیں بند تھی، پیپلز پارٹی نے سی سی آئی میں مردم شماری پر دستخط بھی کئے، اب 90دن کے الیکشن پر بھی سٹینڈ لے لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی،بجلی بلوں پر نگران حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے سب کیا دھرا 16ماہ کی 13پارٹیوں کی حکومت کا ہے، 180روپے فی کلو آٹا،180روپے فی کلو چینی اور دگنا بجلی کا بل عوام کہاں سے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کو بچایا نہیں ڈبویا گیا ہے، عوام سیاست نہیں اپنی بقا کے لئے سڑکوں پر آئے ہیں۔

close