نو ن لیگ کی حکومت ایک سال کچھ نہیں کر سکی، شاہد خاقان عباسی نے اعتراف کر لیا

اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ (ن)کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے 4سال کچھ نہیں کیا اور ن لیگ کی حکومت بھی ایک سال کچھ نہیں کر سکی،اپنے ایک بیان میں ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جس ملک میں سیاسی انتشار ہو وہ ملک نہیں چل سکتے، جب تک سیاستدان، اسٹیبلشمنٹ اور تمام سٹیک ہولڈرز ایک ساتھ نہیں بیٹھتے، مسائل حل نہیں ہو سکتے،

انہوں نے کہا کہ آج ملک کے ادارے آپس میں دست وگریباں ہیں، چیف الیکشن کمشنر صدر سے اور صدر پارلیمان سے لڑ رہے ہیں، ملک کو 3 صاف و شفاف الیکشن دے دیں، مسائل ٹھیک ہو جائیں گے، آج تنخواہوں سے زیادہ بجلی کے بلز آ رہے ہیں، ملک کیسے چلے گا، ہماری حکومتیں آسان فیصلے کرتی ہیں جبکہ ضرورت مشکل اور بہترین فیصلے کرنے کی ہے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حالات کے سب سے زیادہ ذمہ دار سیاستدان ہیں، 600ارب روپے سالانہ کے بجلی کے لائن لاسز ہیں، بجلی کیسے سستی دیں گے، ملک کی سیاسی قیادت کے پاس وقت نہیں رہا، انہیں ہوش کے ناخن لینے ہوں گے، یہ سیاستدانوں کے پاس آخری موقع ہے، ورنہ نتائج کے سب ذمہ دار ہوں گے۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نظام میں وسیع پیمانے پر اصلاحات کی ضرورت ہے، بزنس کمیونٹی حکومت کے پاس مانگنے کے بجائے اس سے جان چھڑوانے جائے، جب تک حکومتوں کی کاروبار میں مداخلت رہے گی، مسائل اسی طرح رہیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close