اسلام آباد (پی این آئی) پیپلزپارٹی بھی الیکشن میں تاخیر کیخلاف کھل کر میدان میں آگئی۔۔ پیپلزپارٹی کی رہنما سینٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر کا اعلان تشویش اور مایوسی کا باعث ہے۔
اپنے بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے حالیہ اعلان سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیوں میں چار ماہ لگیں گے، یہ اعلان ہمارے لیے تشویش اور مایوسی کا باعث ہے، پیپلز پارٹی نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں نئی مردم شماری کے تحت انتخابات کی توثیق کی تھی تاہم اجلاس میں اس بات پر اتفاق ہوا تھا کہ موجودہ نشستیں تبدیلی نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری پر جائز تحفظات کے باوجود ہم نے نئی مردم شماری کی بنیاد پر عام انتخابات کرانے پر رضامندی ظاہر کی چونکہ موجودہ قومی اور صوبائی نشستوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہونی، اس لیے حلقہ بندیوں کا عمل تیزی سے مکمل کیا جائے۔ شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے اور جاری کردہ شیڈول پر سنجیدگی سے نظر ثانی کرے، اسمبلیوں کی جلد تحلیل کرنے کا مقصد الیکشن کمیشن کو تیاریوں کے لیے زیادہ سے زیادہ وقت فراہم کرنا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں