نگران وزیر جس نے تنخواہ اور سرکاری مراعات نہ لینے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ بطورِ نگران وزیر کوئی سرکاری سہولت نہیں لوں گا۔ تفصیلات کے مطابق گوہر اعجاز نے بطورِ نگران وفاقی وزیر صنعت و تجارت تنخواہ اور سرکاری مراعات نہ لینے کا اعلان کر دیا۔ گوہر اعجاز نے کہا کہ میں نے آج پہلے ہی روز قوم کی خدمت کرنے کا پختہ عہد کیا۔

میں بطورِ نگران وزیر پورے دور میں کوئی تنخواہ،معاوضہ،سرکاری سہولت یا مراعات نہیں لوں گا۔انکا کہنا تھا کہ میرا مقصد کسی ذاتی مالی فائدے کے بجائے قوم کی ترقی اور خوشحالی ہے۔نجی شعبے سے لی جانے والی سروسز کے اخراجات بھی خود برداشت کروں گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز 18 رکنی نگران وفاقی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا،نگران کابینہ کی تقریبِ حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی۔صدر مملکت عارف علوی نے 18 رکنی نگران کابینہ سے حلف لیا۔ سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباسی جیلانی کو نگران وزیر خارجہ کا قلمدان دیا گیا۔گوہر اعجاز کو نگران وزیر صنعت و تجارت مقرر کیا گیا۔لیفٹننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر نگران وزیر دفاع اور ڈاکٹر شمشاد اختر وزیر خزانہ ہوں گی۔ سرفراز بگٹی نگران وزیر داخلہ اور احمد عرفان اسلم نگران وزیر قانون ہوں گے۔ ڈاکٹر عمر سیف کو نگران وزیر برائے آئی ٹی اور احمد تارڑ کو مواصلات کا قلمدان دیا گیا۔

انیق احمد نگران وزیر مذہبی امور،ڈاکٹر ندیم جان نگران وزیر صحت،مرتضی سولنگی نگران وزیر اطلاعات اور جمال شاہ نگران وزیر ثقافت ہوں گے۔اس کے علاوہ محمد سمیع سعید اور خلیل جارج بھی کابینہ میں شامل ہیں۔ سابق وزیراعظم وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد نگران وفاقی کابینہ کا اعلان کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close