پشاور (پی این آئی) چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین پرویز خٹک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ضد اور اقتدارکی بھوک انہیں اس مقام پر لے آئی۔ انہوں نے عمران خان کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اچھی بھلی پارٹی کو بنانے اور مضبوط کرنے میں برسوں لگے، حوس اقتدار میں محض ایک سال میں پارٹی کے ٹکڑے ٹکڑے کر دیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیصلے کرنے کا اختیار عدالتوں کو حاصل ہے، ہمارا شروع دن سے موقف تھا کہ ہر مسئلے کا حل بات چیت سے ممکن ہے، سابق وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ان کو اب مزیدکسی ایڈونچر کی اجازت نہیں دی جائےگی، معصوم نوجوانوں کو ورغلا کر اور ٹکٹوں کا لالچ دے کر بیوقوف بنایا گیا، نوجوان صوبےکے بہتر مستقبل کے لیے اپنی توجہ مرکوز کریں۔چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کا کہنا تھا کہ جس نے ان پر احسان کیا یا وزیراعظم بننے میں مدد کی اسی کو سب کے سامنے رسوا کیا، سب نےکہا کہ پارلیمنٹ کے اندر رہو، اسمبلیاں مت توڑو پر انہوں نےکسی کی نہ سنی، اپنی ہٹ دھرمی کی وجہ سے آج ان کو یہ دن دیکھنا پڑھ رہا ہے۔ ایک بیان میں پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ آج عدالت کے فیصلے نے ثابت کیا کہ ہماری عدالتیں آزاد ہیں، فیصلے آئین و قانون کو سامنے رکھ کر ہوتے ہیں،کرپشن، چوری یا اختیارات کے ناجائز استعمال کے خلاف قانون موجود ہے۔
ادھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو اٹک جیل منتقل کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو براستہ موٹروے اٹک پہنچایا گیا۔ انہوں نے بتایاکہ اٹک جیل کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی موجود ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق عمران خان کو 6 بج کر 50 منٹ پر اٹک جیل منتقل کیا گیا اور جیل مینویل کے مطابق ان کا میڈیکل کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں