اس سال بھی زیادہ بارشوں سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، بلاول بھٹو نے خدشے کا اظہار کر دیا

اسلام آباد/کراچی (آئی این پی ) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی نے حالیہ بارشوں سے آنے والے سیلاب سے خیبرپختونخوا، پنجاب اور گلگت بلتستان میں انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے وزراء اور منتخب نمائندوں کو ہدایت جاری کی کہ وہ متاثرین کی مدد کے لیے اپنے اپنے حلقوں میں پہنچ جائیں۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں کے میئرز، ڈپٹی میئرز، چیئرمینوں، ڈپٹی چیئرمینوں اور کونسلرز سے کہا کہ وہ پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کے تعاون سے متاثرین کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ان بارشوں سے سندھ میں زراعت کو پہنچنے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان اور سندھ کی حکومتوں کی بارشوں سے ہونے والے سیلاب اور نقصانات سے نمٹنے میں مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی زیادہ بارشوں سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی کی وجہ سے معاشی مشکلات کے شکار غریب عوام اس بارش اور سیلاب سے مزید پریشان ہیں۔

close