لاہور (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر عوام نوازشریف کو چوتھی بار وزیر اعظم بنائیں تو وہ ملک کا نقشہ بدل دیں گے،آئی ایم ایف پروگرام کوئی حلوہ نہیں بلکہ چیلنج ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون سکیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام نہ ہوتا تو ملک معاشی مشکلات کا شکار ہوتا، معاہدے کے بعد ڈالر کی قیمت میں استحکام آ رہا ہے، اسی کے نتیجے پٹرول کی قیمت میں 9 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے کمی کی، ہم نے نوازشریف کی قیادت میں عملی طور پر کام کرکے دکھایا، جو لوگ ملک کے خلاف سازش کر رہے تھے وہ تمام سازشیں دفن ہوئیں، نوازشریف نے نوجوانوں کے ہاتھ میں کلاشنکوف کی بجائے لیپ ٹاپ دیا، یہ لوگ کہتے تھے یہ لیپ ٹاپ نہیں دے رہا یہ رشوت دے رہا ہے، یہ وہی لیپ ٹاپ ہے جس نے کورونا میں بچوں کو تعلیم کا ذریعہ فراہم کیا، جو لیپ ٹاپ کو رشوت کہتا ہے آپ اس کی دماغی حالت کا اندازہ لگالیں۔وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے تمام منصوبے خود منہ بولتا ثبوت ہیں، نوازشریف نے ملک سے 20، 20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی، نوازشریف نے ملک میں بجلی کے منصوبوں اور سڑکوں کا جال بچھایا۔
نوازشریف نے آج تک ملک کیخلاف سازش کا سوچا بھی نہیں، نوازشریف نے اپنے دور میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا اس کے باوجود نوازشریف کو کیوں اقتدار سے محروم کیا گیا؟ مجھے قوم کی خدمت کرنے کی وجہ سے پابند سلاسل کیا گیا۔شہبازشریف نے عمران خان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے ہاتھ سے ایک اینٹ بھی نہیں لگائی، چیئرمین پی ٹی آئی اور ہٹلر میں کیا فرق ہے، ہٹلر نے اپنے دور میں انڈسٹری کو ترقی دی اور پھر خود ہی تباہ کر دی، میں وزیراعظم ہوں تو سب ٹھیک میں وزیراعظم نہیں تو سب کچھ برباد ہے کی سوچ غلط ہے، پی ٹی آئی دور میں تجوریاں بھری گئیں، چینی اور گندم کا سکینڈل ہمارے دور میں تو نہیں ہوا، بی آر ٹی اور 190 ملین پاؤنڈ کا سکینڈل ہمارے دور میں تو نہیں ہوا، جن کا کھربوں کا کاروبار ہے ان کو پی ٹی آئی حکومت میں 3 ارب ڈالر کے قرضے دیئے گئے، ان تمام حقائق کو کوئی شخص جھوٹ ثابت نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو بے بنیاد مقدمات میں سزا دی گئی، ہم نے لاہور کی میٹرو بس سروس 30 ارب روپے میں بنائی، پھر الزام لگایا کہ اتفاق فاؤنڈری سے سریہ آیا، وہ تو 15 سال سے بند تھی۔
نوازشریف کو پانامہ میں پکڑ کر اقامہ پر نااہل کیا گیا، ہم نے ملک کی خاطر تکالیف برداشت کیں، پاکستان ہم سب کا ہے، ترقی کیلئے ایثار اور محنت کا عزم کرنا ہوگا، اگلے الیکشن میں عوام نے منتخب کیا تو ملک کو آگے لے کر جائیں گے، نواز شریف کی قیادت میں ملک کا نقشہ بدل دیں گے، پوری قوم سے وعدہ کرتا ہوں ہم نے وطن کو عظیم بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں