حکومت آج امریکا سے بات کرے تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی دنوں میں رہا ہو جائیں گی، بڑا دعویٰ آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) جماعتِ اسلامی کے رہنما و سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ حکومت آج امریکا سے بات کرے تو ڈاکٹر عافیہ صدیقی دنوں میں رہا ہو جائیں گی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سویلین معاملے کے ڈاکیومنٹس ہمیں فراہم نہیں کیے جا رہے ہیں۔

 

 

 

 

سینیٹر مشتاق احمد نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی بہت اذیتت میں زندگی گزار رہی ہیں،وہ دنیا کی بدترین اور بدنامِ زمانہ جیل میں زندگی گزار رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کی چابی واشنگٹن میں نہیں اسلام آباد میں ہے۔انہوں نے کہا عالمی سطح پر عافیہ صدیقی کے کیس میں پیش رفت ہو رہی ہے۔اگر حکومت سنجیدہ ہوتی تو 20 سال سے عافیہ صدیقی امریکی جیل میں نہ ہوتیں۔خیال رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی تھی کہ وہ ڈاکٹر عافیہ کی دیکھ بھال اور ان کی جلد رہائی کے لیے امریکی حکومت کے ساتھ ساتھ واشنگٹن میں پاکستانی مشن کے ساتھ مکمل طور پر رابطے میں رہیں۔وزیراعظم نے ایک وزارتی کمیٹی تشکیل دی جو ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی کے لیے کوششیں تیز کرے گی۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی۔ گزشتہ تین مہینوں میں وزیراعظم سے ڈاکٹر فوزیہ کی یہ دوسری ملاقات تھی۔

 

 

 

اس سے قبل وزیراعظم نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ان کی ایف ایم سی جیل میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے ملاقات کے لیے امریکا روانگی سے قبل ملاقات کی تھی۔ڈاکٹر فوزیہ نے وزیر اعظم کی قیادت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت خارجہ کی طرف سے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کو امریکی ویزے میں مدد فراہم کی گئی اور امریکی جیل میں ڈاکٹر عافیہ سے ان کی ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا۔ ڈاکٹر فوزیہ نے کہا کہ میرے دورے کے لیے امریکی ویزا کے حصول میں میری مدد کرکے آپ نے ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کی بنیاد رکھ دی ہے۔تقریباً پندرہ سال قبل قید ہونے کے بعد سے اپنی بہن سے ملنے کا یہ پہلا موقع تھا اور مسلسل تین دن تک ان سے ملاقات رہی۔ انہوں نے وزیراعظم کو ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی کے لیے کیے جانے والے مجوزہ اقدامات کے بارے میں بتایا۔

 

 

ڈاکٹر فوزیہ نے اپنی بہن ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کے تاثرات بیان کیے تو وزیراعظم نے ہمدردی سے انہیں سنا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت ان کی بہن کے لیے انصاف کے حصول کی جدوجہد میں ان کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کے لیے پرعزم ہے اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی خیریت اور رہائی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں