سکھر (پی این آئی) وفاقی وزیر خورشید شاہ نے عندیہ دیا ہے کہ 11 یا 12 تاریخ کو اسمبلی تحلیل ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ معیشت تباہی کی طرف گامزن تھی، ہمیں مری ہوئی معیشت ملی، دنیا کی تاریخ میں یہ مثال نہیں ملے گی کہ اپوزیشن حکومت کو کہے آؤ معیشت پر بیٹھیں، ملک کو بچائیں۔ تفصیلات کے مطابق سکھر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ 32 سال پہلے حکیم سعید نے کہا ملک تباہ کرنے کیلئے بندہ تیار کیا جا رہا ہے، ڈاکٹر اسرار نے کہا کہ امریکا میں بیٹھ کر معیشت کو ایسا تباہ کیا جائے گا کہ ایٹم بم بھی نہ سنبھالا جا سکے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عسکری تنصیبات تو الگ جو ہمارے شہداء کے ساتھ کیا گیا وہ قابل برداشت نہیں، جب ذوالفقار بھٹو کو شہید کیا گیا ہم نے جی ایچ کیو پر حملہ نہیں کیا، شہداء کی تذلیل نہیں کی بلکہ خود کو آگ لگائی۔خورشید شاہ نے کہا کہ جب ہماری بات نہیں سنی گئی تو ہمارے پاس اور کوئی راستہ نہیں تھا، اگر ہم خاموش ہو جاتے تو ہم عوام کے سامنے کیا جواب دیتے، ہم نے اللہ کا نام لے کر اژدھے کے منہ میں ہاتھ ڈالا، ہم جانے سے پہلے پاکستان کی مری ہوئی معیشت کو کھڑا کر کے جائیں گے۔
سینئرہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ جب اسے کوئی روکنے والا نہ تھا تو اس نے آگے بڑھ کر لوگوں کو انتشار پر اکسایا، یہاں تک انتشار پھیلایا گیا کہ جو ہندوستان 75 سال میں نہ کرسکا وہ اس جماعت کے لیڈر نے کر دیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں