پشاور (پی این آئی) پی ٹی آئی رہنماء سابق اسپیکر اسد قیصر نے کہا ہے کہ پولیس مجھے گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی، وزیرعبدالکریم خان کو گرفتار کیا گیا۔
تمام ناجائز کیسز میں ضمانتیں مل چکی ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ مجھے پشاور ہائیکورٹ سے گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی۔ پولیس مجھے گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ پی ٹی آئی رہنماء وزیرعبدالکریم خان کو گرفتار کیا گیا۔ تمام ناجائز کیسز میں عدالتوں میں پیش ہورہا ہوں، تمام کیسز میں ضمانتیں مل چکی ہیں، عدالتوں میں پیشی کیلئے آتے ہیں تو پولیس گرفتاری کیلئے موجود ہوتی ہے۔ اسی طرح اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو میں حکمران اتحاد پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکمران ملک کے فیصلے لندن اور دبئی میں بیٹھ کر کرتے ہیں، حکومت آئی ایم ایف سے قرض لینے پر جشن منا رہی ہے۔آئی ایم ایف معاہدے کو پبلک کیا جائے،عوام کو بتائیں کہ مزید کتنی مہنگائی ہو گی اور کتنے ٹیکس لگیں گے ۔ رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس سمیت دیگر چیزیں مہنگی کر دی گئیں،حکمران کس منہ سے الیکشن میں عوام کے پاس جائیں گے۔
بند کمروں میں فیصلے کیے گئے، کسی کو خیبر پختو نخوا، کسی کو پنجاب اور کسی کو سندھ دے دیا گیا،الیکشن میں پی ٹی آئی ان سب کا مقابلہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تمام جماعتوں کو یکسا موقع دیا جائے،الیکشن ہمارا آئینی حق ہے جس میں حصہ لینے کیلئے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔ پی ٹی آئی الیکشن میں نہیں ہو گی تو پھر اس الیکشن کی کیا حیثیت ہو گی؟ سابق اسپیکر کا مزید کہنا تھا کہ آئین و قانون کی حکمرانی کے بغیر ملک اور سوسائٹی نہیں چل سکتی،پرویز خٹک کے بیان پر پارٹی نے اپنا مؤقف دیا ہے۔ قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر 9 مئی کے احتجاج کے تناظر میں درج مقدمہ میں ضمانت کرانے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے۔ پرویز خٹک اور پی ٹی آئی میں سے ایک کے انتخاب کے متعلق سوال ہوا تو اسد قیصر نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی میں ہوں،پی ٹی آئی میری جماعت ہے۔پرویز خٹک کو پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری ہو چکا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں