اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فری لانسرز کے لیے سہولیات کا اعلان کردیا ہے۔قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ آئی ٹی برآمدات کو بڑھانے کے لیے انکم ٹیکس 0.25 فیصد کی رعایتی شرح لاگو ہے اور یہ سہولت 30 جون 2026 تک جاری رکھی جائے گی، فری لانسرز کو ماہانہ سیلز ٹیکس گوشوارے جمع کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا لہٰذا کاروباری ماحول میں آسانیاں پیدا کرنے کے لیے 24 ہزار ڈالرz تک سالانہ کی برآمدات پر فری لانسرز کو سیلز ٹیکس رجسٹریشن اور گوشواروں سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فری لانسرز کے لیے ایک سادہ انکم ٹیکس ریٹرن کا اجرا ءکیا جارہا ہے، وہ اپنی برآمدات کے 1 فیصد کے برابر مالیت کے سافٹ وئیر اور ہارڈ وئیر بغیر کسی ٹیکس کے درآمد کر سکیں گے، ان درآمدات کی حد 50 ہزار ڈالرز سالانہ مقرر کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اسلام آباد کی حدود میں آئی ٹی سروسز پر سیلز ٹیکس کی موجودہ شرح 15 فیصد سے کم کر کے 5 فیصد کی جارہی ہے، اس کے علاوہ آئی ٹی کے شعبے میں قرضہ جات کی فراہمی کو ترغیب کے لیے بینکوں کو اس شعبے میں 20 فیصد کے رعایتی ٹیکس کا استفادہ حاصل ہوگا، اگلے مالی سال میں 50 ہزار آئی ٹی گریجویٹس کو فنی تربیت دی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں