لاہور ( پی این آئی) جہانگیر ترین نے استحکام پاکستان پارٹی میں اہم سیاسی رہنماؤں کی شمولیت کیلئے رابطے تیز کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق جہانگیر ترین نے سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے،دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک نے جہانگیر ترین کو نئی پارٹی کے قیام پر مبارکباد دی۔
یلیفونک رابطے میں جہانگیر ترین نے پرویز خٹک کو ملاقات کی دعوت دی۔ پرویز خٹک نے ملاقات کی دعوت قبول کر لی،دونوں رہنماؤں کے درمیان جلد ملاقات متوقع ہے۔ واضح رہے کہ سینئر سیاستدان جہانگیرترین نے نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا ہے،نئی جماعت کی بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیرترین نے کہا کہ ہم ایک نئی سیاسی جماعت استحکام پاکستان پارٹی کی بنیاد رکھنے آئے ہیں، ہمارا ملک مشکلات سے گزر رہا ہے، میں ایک روایتی سیاستدان نہیں تھا، سیاست میں لیٹ آیا اور ایک مقصد کے تحت آیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پی ٹی آئی کو ایک سیاسی قوت بنانے کیلئے دن رات محنت کی۔2013ء کے الیکشن کے بعد ہم نے جماعت میں ایک نیا جوش جذبہ پیدا کردیا تھا، ہم نے اس بات کو یقینی بنایا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی قوت بن جائے، جب بھی الیکشن ہوں نہ صرف پی ٹی آئی جیتے بلکہ اصلاحات بھی لائی جائیں، اصلاحات لانا ہمارا مقصد تھا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہ ہوا، حالات بدتر ہونے لگے اور مایوسی پھیلنا شروع ہوئی۔ انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا مقصد بیرونی دنیا سے تعلقات کو ٹھیک کرنا اور احتساب کرنا تھا لیکن یہ سب کچھ نہ ہوسکا اور 9 مئی کے واقعات نے حالات کو یکسر تبدیل کردیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں