اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی

گلگت (پی این آئی) اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد اکثریت سے کامیاب ہو گئی ہے۔ اسپیکر کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد کے حق میں 21 ووٹ کاسٹ ہوئے،امجد زیدی کے حق میں صرف ایک ووٹ پڑا۔

پارٹی معاہدے کے تحت امجد زیدی نے ڈھائی سالہ مدت مکمل کر کے مستعفی ہونا تھا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی نذیر ایڈووکیٹ نے نیا اسپیکر بننا تھا۔ امجد زیدی کے مستعفی ہونے سے انکار پر تحریکِ عدم اعتماد لائی گئی جو اب اکثریت سے کامیاب ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی حکومت کو اس وقت دھچکا لگا جب اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ تاہم دو روز قبل اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی نے استعفیٰ واپس لے لیا تھا۔ گزشتہ ہفتے پارلیمانی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے پر اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی امجد زیدی کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی گئی تھی۔ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد امجد زیدی نے اسپیکر بلتستان اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ امجد زیدی کے استعفے سے انکار پر پی ٹی آئی نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔ قبل ازیں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے ایک بیان کہا تھا کہ میں سید امجد زیدی کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے اس وعدے کی تکمیل کے لئے پروقار انداز میں استعفی دینے کا فیصلہ کیا۔ مجھے امید ہے کہ نذیر احمد ایڈوکیٹ اپنی قابلیت و صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے گلگت بلتستان اسمبلی کے امور احسن طریقے سے سرانجام دینگے اور اچھے جمہوری روایات قائم کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں