پریس کانفرنس میں روتے ہوئے پی ٹی آئی کو خیرباد کہنے والے رہنما نے باقاعدہ طور پر جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت اختیار کرلی

لاہور (پی این آئی) جہانگیر ترین کے سیاسی رابطے رنگ لانے لگے،مراد راس نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کا جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کی جہانگیر ترین سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی،ملاقات میں عبدالعلیم خان اور عون چوہدری بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر مراد راس نے جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اسی طرح بہاولپور سے مختلف اہم شخصیات نے بھی جہانگیر ترین گروپ میں شمولیت اختیار کر لی ہے،سجاد بخاری،تحسین گردیزی اور جہانزیب وارن نے جہانگیر ترین سے ملاقات کر کے گروپ میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ دوسری جانب جہانگیر ترین گروپ نے سیاسی رہنمائوں سے رابطے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں عون چوہدری،سردار تنویرالیاس اور اسحاق خاکوانی شامل ہیں،یہ کمیٹی سیاسی رہنماؤں کو ترین گروپ میں شمولیت کی دعوت دے گی۔ ذرائع ترین گروپ نے بتایا کہ فواد چوہدری اور فردوس عاشق پہلے سے ترین گروپ سے رابطے میں ہیں۔ جہانگیر ترین کی نئی پارٹی بننے کی صورت میں پرویز خٹک کو پارٹی صدر یا سیکرٹری جنرل بنائے جانے کا امکان ہے۔ جہانگیر ترین کی نئی سیاسی جماعت کی ممکنہ تنظیمی عہدیداروں کے نام بھی سامنے آ گئے۔ عدالت سے تاحیات نااہلی ختم ہونے تک جہانگیرترین خود سیاسی پارٹی کے پیٹرن ان چیف ہوں گے،نئی پارٹی چیئرمین یا مرکزی صدر کے عہدے پر کسی سینئر قابل بھروسہ رہنما کا انتخاب کیے جانے کا امکان ہے تاکہ نئی پارٹی کے الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کا عمل قانونی تقاضوں کے مطابق مکمل کیا جا سکے۔

close