راولپنڈی (پی این آئی) بشریٰ بی بی نے نیب طلبی کے نوٹس کا جواب جمع کرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق این سی اے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل میں عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے نیب کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا،بشریٰ بی بی نے نیب طلبی کے نوٹس کا جواب جمع کرا دیا۔ عمران خان کی اہلیہ نے جواب میں کہا کہ مجھے 190 ملین پاؤنڈ کیس سے متعلق کوئی معلومات نہیں۔
458 کنال زمین،285 ملین روپے اور بلڈنگ القادر ٹرسٹ کو ڈونیشن ایگریمنٹ کے تحت دی گئی۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے این سی اے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس سے متعلق نیب راولپنڈی کو خط لکھ دیا ہے۔ عمران خان اور انکی اہلیہ نے نیب کو شاملِ تفتیش ہونے کی تاریخ تبدیلی کی درخواست کر دی۔ عمران خان نے خط میں لکھا کہ نیب 7 جون کے بجائے مجھے 8 جون کو شاملِ تفتیش کر لے،جبکہ بشریٰ بی بی نے کہا کہ میرے شوہر کل اسلام آباد آئیں گے،پردے کے باعث شوہر کے ساتھ نیب آنا چاہتی ہوں۔ یہ یہاں بھی یاد رہے کہ توشہ خانہ گھڑی کی جعلی رسیدیں دینے کے الزام میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور انکی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف فراڈ اور نو سربازی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ تاجر نسیم الحق کی جانب سے تھانہ کوہسار میں درج کرایا گیا۔ ایف آئی آر میں شہزاد اکبر،زلفی بخاری اور فرح خان کو بھی نامزد کیا گیا۔ مقدمے میں فراڈ،نوسربازی اور ہیرا پھیری کی دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں کہا گیا کہ دستاویز پر جعلی دستخط کیے گئے اور دستاویز کی تحقیقات بھی کرائی گئیں۔ گھڑی کی خرید و فروخت کے حوالے سے ٹرانزیکشن بھی نہیں ہوئی،ملزمان نے واضح طور پر فراڈ اور جعلی دستاویزات بنائے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں