بجٹ سے پہلے گھی کی قیمتوں میں کتنی کمی کر دی گئی؟ بڑا ریلیف

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پر بجٹ سے پہلے ہی عوام کو گھی کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کردیا گیا۔ ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر گھی کی قیمتوں میں 80 روپے فی کلو کمی کردی گئی ہے۔ گھی کی قیمت میں کمی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن نے ریلیف پیکج کے تحت گھی کی قیمتوں میں کمی کی ہے۔سبسڈائز گھی کل سے 410 روپے فی کلو کے حساب سے ملے گا۔بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ صارفین کیلئے گھی 300 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کیا جائے گا۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 3 روپے کی کمی ہوئی ہے۔تین روپے کی کمی کے بعد اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر 305 روپے کا ہو گیا۔گذشتہ روز اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر یکدم 8 روپے کے اضافے سے 308 روپے کی سطح پر بند ہوئی تھی۔پیر کو ڈالر کے انٹربینک ریٹ 286 روپے سے تجاوز کرگئے جبکہ اوپن ریٹ 308 روپے کی سطح پر آگئے۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کی ابتدا میں ڈالر کی قدر 10 پیسے کی کمی سے 285.57 روپے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن کچھ ہی وقفے کے بعد ڈالر کی پیش قدمی شروع ہوگئی جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 63 پیسے کے اضافے سے 286.30 روپے کی سطح پر بھی آگئی تاہم کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 52 پیسے کے اضافے سے 286.19 روپے کی سطح پر بند ہوئے۔

اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی اڑان تیز رفتار رہی جہاں ڈالر کی قدر یکدم 8 روپے کے اضافے سے 308 روپے کی سطح پر بند ہوئی،یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملک میں زرمبادلہ بحران برقرار رہنے اور حکومت کی جانب سے چار ماہ کے لیے بجٹ پیش کرنے کے بعد نئے قرض پروگرام کے لیے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کی اطلاعات پر تجارتی و صنعتی شعبوں میں ابہام پایا جارہا ہے۔

close