سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے موجودہ صورتحال پر کیا کہا؟ اہم خبر

کراچی(پی این آئی) سینئر لیگی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ملک میں جو کچھ ہو رہا ہے، ن لیگ کے بہت سے لوگ اس سے خوش نہیں، انہوں نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں ن لیگ کو بھی ختم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں ہوئی۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کو کس طرف لے کرجارہےہیں ہمیں بیٹھ کرسوچنا چاہیے،گزشتہ حکومت میں اپوزیشن جس چیز پر تنقید کرتی تھی آج خود وہی کررہی ہے، ماضی سے سبق سیکھناچاہیےایسے اقدامات سےحکومت کا ہی نقصان ہوتا ہے۔

مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا کہ ملک میں جو ہورہا ہے ن لیگ کے بہت سے لوگ اس سےخوش نہیں،کوئی سمجھتا ہوگا کہ ضرورت تھی کوئی سمجھتا ہوگا کہ ضرورت سےزیادہ ہوگیا مگر جو بھی ہورہاہے یہ اچھا عمل نہیں ہے۔ ملک کی کسی کو فکرہی نہیں بس کرسی کی لڑائی ہے۔ اس سے قبل جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا پاکستان کے پاس کوئی آپشن بی نہیں ہے، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) آخری آپشن ہے، جو آپشن بی کی بات کرتے ہیں وہ غلط بات کرتے ہیں۔ سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا جب کوئی پیسے نہیں دیتا تو سب آئی ایم ایف کے پاس ہی جاتے ہیں۔ وزیر دفاع کے خود سے متعلق بیان پر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا خواجہ آصف کی عزت کرتا ہوں، انہوں نے سیاسی کیرئیر میں میری بڑی مدد کی ہے۔ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا خواجہ آصف کے ٹوئٹ پر میں نے ان کو پرائیویٹ میں جواب دیا ہے، اسلام آباد میں ان سے ملاقات کروں گا۔ یاد رہے کہ دو روز قبل خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر مفتاح اسماعیل کےلیے ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ سوشل میڈیا پر پاکستانی معیشت سے متعلق مفتاح اسماعیل کے تبصرے سننے کو ملتے رہتے ہیں، مفتاح اسماعیل کی قابلیت مسلمہ ہے اور پارٹی ان کے علم سے براہ راست استفادہ کر سکتی ہے لیکن ملک کا معاشی عدم استحکام اس وقت ان کی میڈیا پر نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close