جہانگیر ترین نے تمام سیاسی جماعتوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی، کتنے موجودہ اور سابق اراکین اسمبلی کو اپنے ساتھ ملا لیا؟ سیاسی میدان میں ہلچل

لاہور( پی این آئی) سینئر سیاستدان جہانگیر ترین اپنی سیاسی کھلاڑیوں کی سنچری مکمل کرنے کے قریب آ گئے ۔ 70 سے زائد موجودہ اور سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے جہانگیرترین کی ٹیم میں شامل ہونے کی حامی بھر لی ۔ جہانگیر ترین کا آئندہ ہفتے اپنی پارٹی کے قیام کا اعلان متوقع ہے۔

آج بھی لاہور میں اہم سیاسی شخصیات جہانگیر ترین سے ملاقات کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کی جہانگیر ترین سے جلد ملاقات کا بھی امکان ہے۔پنجاب ، خیبر پختونخواہ اور سندھ سے پی ٹی آئی کی سابقہ قیادت نے بھی حمایت کا یقین دلا دیا ۔ فواد چوہدری بھی جہانگیر ترین سے قریبی رابطے میں ہیں۔یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ سیاسی جوڑ توڑ پر ن لیگ کے تحفظات دور کرنے اور مستقبل کی انتخابی حکمت عملی پر مشاورت و انتخابی اتحاد کیلئے جہانگیر ترین نے نوازشریف سے ملاقات کیلیے لندن جانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے تمام سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ان کے رابطے مکمل ہوچکے ہیں۔جہانگیر ترین کی جانب سے نئی جماعت کی تشکیل کا مشن جاری، تحریک انصاف کے سابق اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز سے رابطے مکمل ہو گئے، اب تک تحریک انصاف کے پچاس سے زیادہ سابق اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ترین گروپ کو اپنی حمایت کا یقین دلا چکے ہیں، آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ ن سے ایڈجسٹمنٹ یا انتخابی اتحاد کیلئے جہانگیر ترین آئندہ چند روز میں لندن جائیں گے۔

جہانگیر ترین قائد ن لیگ نوازشریف سے ملاقات کرینگے، ملاقات میں ترین گروپ اور ن لیگ کے درمیان آئندہ کی سیاسی حکمت عملی اور تعاون کا طریقہ کار طے کیا جائے گا، ذرائع کے مطابق ن لیگ نے جہانگیر ترین کی حالیہ سرگرمیوں اور جوڑ توڑ پر تحفظات کا اظہار کیا تھا، جہانگیر ترین نے وزیر اعظم اور نواز شریف دونوں کو پیغام بھجوایا کہ ان کی سیاسی کوششیں ن لیگ کیلیے نقصان دہ نہیں ہونگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close