اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کاروبار اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے کیلئے پرعزم ہیں، تمام شعبوں سے مساوی سلوک کیا جائے گا۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی زیرصدات ایف بی آر کی بجٹ2023-24 کی تجاویز سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، معان خصوصی طارق باجوہ، معان خصوصی ریونیو طارق محمود پاشا، چیئرمین آرآرایم سی، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، اور خزانہ ڈویڑن اور ایف بی کے دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے بجٹ تجاویز پر بریفنگ دی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ کاروبار اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے کیلئے پرعزم ہیں، بجٹ میں معاشی خوشحالی، وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنائیں گے۔ ٹیکس نظام میں ہم آہنگی لائی جائے گی، تمام شعبوں سے مساوی سلوک کیا جائے گا۔ اسی طرح اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے معاشی استحکام کے لیے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کی کوششوں کا سراہا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے سیاسی استحکام ضروری ہے، ملکی ترقی کے لیے معیشت کی مضبوطی ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ اتحادی حکومت کی جانب سے معاشی مشکلات کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی احسن اقدام ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے موجودہ معاشی ٹیم کے لیے تعریفی کلمات پر شکریہ ادا کیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کو معاشی مشکلات ورثے میں ملی ہیں، آئند ہ مالی بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ موجودہ معاشی ٹیم ملکی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے دن رات مصروف عمل ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں