عمران خان کا کھیل ختم، رواں سال انتخابات ہونا ناممکن قرار

کراچی (پی این آئی) منظور وسان کا کہنا ہے کہ مئی کا آخری ہفتہ بہت خطرناک نظر آ رہا ہے،بہت کچھ ہونے والا ہے۔

 

 

تفصیلات کے مطابق رہنما پیپلز پارٹی منظور وسان نے ملکی سیاسی صورتحال کے حوالے سے نئی پیشگوئی کر دی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کھیل بظاہر ختم ہوتا جا رہا ہے،عمران خان کے پاس وقت تھا مگر انہوں نے وہ بھی ضائع کر دیا۔ پی ٹی آئی اب پہلے جیسے پارٹی نہیں رہے گی،انتخابات میں بھی چند ہی لوگ امیدوار ہوں گے۔ انکا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا ارادہ تھا حکومت اپنی مدت پوری کر کے 8 اکتوبر کو انتخابات کرائے تاہم اب ملکی حالات ایسے ہیں کہ رواں سال انتخابات ہوتے نظر نہیں آ رہے۔

 

 

منظور وسان نے کہا کہ امکان ہے ملک میں مخلوط حکومت بنے اور یہ بھی ہو سکتا ہے کہ آئین میں ترمیم کر کے انتخابات مزید ایک سال کیلئے آگے بڑھائے جائیں،سیاستدانوں کو تحمل کے ساتھ سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے چاہئیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ہر ریڈ لائن کراس کر دی لیکن پاک فوج نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا،وارن کیا تھا آپ لوگ پنجاب کا بانی متحدہ پیدا کر رہے ہو،کسی کو کالعدم قرار دینے کے حق میں نہیں،یہ آخری آپشن ہو گا،پی ٹی آئی مزید خرابی پیدا نہ کرے تو کوشش ہے کہ کوئی ایسا نتیجہ نکالا جائے جس سے ملک میں سیاسی استحکام لا سکیں۔

 

 

انہوں نے کہا کہ کوئی پہلی بار عمران خان نے قانون کی خلاف ورزی تو نہیں کی۔ عمران خان ماضی میں بھی اس طرح کرتے رہے،تحریک انصاف کو فیصلہ کرنا پڑے گا وہ سیاسی جماعت رہنا چاہتے ہیں یا نہیں۔جمہوریت کا نقصان نہ ہو ہمیں وقت پر انتخابات کی طرف جانا پڑے گا،پاکستان پیپلز پارٹی کی کوشش ہے ملک میں انتخابات ہوں۔

close