عمران خان کو گرفتار کرنا ہوتا تو 14 مہینے انتظار نہ کرتے، مریم اورنگزیب نے جواب دے دیا

اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کو نیب نے گرفتار کیا، حکومت نے گرفتار کرنا ہوتا تو 14 مہینے انتظار نہ کرتے۔نیب نے قانون کے مطابق سیکورٹی مانگی اور حکومت نے فراہم کی۔جمعہ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف بھی عدالت کے احاطے سے گرفتار ہوئے تھے، کیا اس وقت ایسے حالات پیدا کئے گئے؟عمران خان اپنے دور میں مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ سیاسی رہنمائوں کے خلاف کارروائیاں کرتے تھے۔

نواز شریف نے اپنی عمر کے چالیس سال کا جواب دیا ہے، عمران خان سے سوال پوچھو تو وہ فساد پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا کہ مجھے دوبارہ گرفتار کیا گیا تو ایسا ہی ردعمل دوبارہ آئے گا۔ریاست کے تین ستون پارلیمنٹ، حکومت اور عدلیہ ہیں۔ریاست کی رٹ قائم کرنا صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں۔گزشتہ تین دنوں میں جنہوں نے قانون اپنے ہاتھ میں لیا، ان کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔پچھلے تین دنوں میں مسلح جتھوں نے ریاستی اور عوامی املاک کو نقصان پہنچایا، انہوں نے جانوروں کو بھی جلا دیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری پر کہا گیا کہ یہ کیا طریقہ ہے، کیا نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے وقت بھی ایسا کہا گیا تھا؟۔سپریم کورٹ میں عمران خان کو دیکھ کر کہا گیا کہ آپ کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ۔ان سے یہ نہیں پوچھا کہ آپ پر 60 ارب کی کرپشن کا الزام ہے، آپ جواب دیں۔الیکشن حکومت نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرانا ہے۔وزیراعظم کہیں نہیں جائیں گے، پارلیمنٹ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close