عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں موجود، کشمیر ہائی وے پر فائرنگ شروع ہوگئی

اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے۔ اسلام آباد پولیس کے مطابق سری نگر ہائی وے پر ایچ 11 کے ایریا میں شدید فائرنگ کی آواز آرہی ہے جبکہ ہائیکورٹ کے سامنے جنگل ایریا میں پولیس فائرنگ کرنے والوں کی تلاش میں روانہ ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آبادہائیکورٹ کے قریب جی 10 میں بھی فائرنگ کی آوازیں آئیں جس کے بعد ہائیکورٹ کے اطراف سکیورٹی الرٹ کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ اسلام آباد میں جی الیون اور جی 13 کے علاقے میں پولیس پر فائرنگ ہوئی ہے اور صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ اسلامی یونیورسٹی کے قریب کچی آبادی میں فائرنگ ہوئی ہے، پولیس کنٹرول پر فائرنگ کی آواز کے بعد انڈسٹریل ایریا پولیس کو الرٹ کردیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف وقفے وقفے سے فائرنگ جاری ہے اور پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایس ایم جی اور پسٹل کی فائرنگ ہوئی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے اطراف پولیس اور رینجرز کو الرٹ کر دیا گیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق فائرنگ سے جانی نقصان نہیں ہوا،تمام پولیس اہلکارمحفوظ ہیں۔

سرچ ٹیمیں قرب و جوارمیں جائزہ لے رہی ہیں۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ میں موجود ہیں جنہیں پولیس نے کمرہ عدالت سے باہر آنے سے روک دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close