پی ٹی آئی کے سینئر رہنما کا ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی اور سیاست کو خیرباد کہنے کا فیصلہ، وجہ کیا بنی؟

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اورچیئرمین کے فوکل پرسن برائے ٹریڈ یونین ڈاکٹر محمد امجد نے ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی اورسیاست کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کرلیا۔وطن واپسی پراپنے اور ساتھیوں کے مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کریں گے۔پیر کو جاری کئے گئے اپنے بیان میں ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت سیاست کے ساتھ منسلک تھے۔

اس مقصد کے لئے زندگی کا بڑا حصہ سیاست کو دیا مگربدقسمتی سے اب حالات مختلف ہوچکے ہیں۔ انتہائی خراب سیاسی صورتحال، حلقے کے بے گناہ لوگوں کی گرفتاریاں،حکومتی اہلکاروں کے ناپسندیدہ اقدامات، بدامنی اور خوف کی صورتحال اورکاروبار پربدترین زوال اس کی بنیادی وجوہات ہیں۔ ڈاکٹرامجدنے کہاکہ انہیں مسلسل ایسے حالات کا سامنا ہے اور اس پر پارٹی قیادت کا رویہ انتہائی مایوس کن رہا جس پر سیاست اورتحریک انصاف سے کنارہ کش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب اسلام آباد کی تعمیروترقی اور یہاں کے رہائشیوں کی خدمت پر توجہ مرکوز کریں گے۔ وطن واپسی پر وہ اس حوالے سے مستقبل کی منصوبہ بندی سے میڈیا کو آگاہ کریں گے۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں