ملک بھر میں الیکشن ایک ہی دن کروانے پر اتفاق، وزیراعظم شہباز شریف کو اہم اختیار مل گیا

اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں الیکشن ایک ہی دن کروایا جائے یا نہیں، اتحادیوں نے اختیار وزیراعظم کو دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق شرکائے اجلاس نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں تمام فیصلوں کا اختیار دے دیا۔

حکمران اتحادی جماعتوں نے فیصلہ کیا ہے کہ حکومت کی آئینی مدت کی تکمیل پر پورے ملک میں ایک ہی دن الیکشن کرائے جائیں۔یہ فیصلہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم ہاؤس میں منتقدہ اتحادی جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کہا گیا کہ سیاسی معاملے میں سپریم کورٹ کا پنچایت کا کردار غیر مناسب ہے اور انتخابات کے لیے بات چیت، افہام و تفہیم یا اتفاق رائے پیدا کرنے پہ اتفاق کیا گیا۔شرکائے اجلاس نے ملک کی مجمودی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس بات کا اظہار کیا کہ سپریم کورٹ پارلیمان اور ایوان کی رائے کا احترام کرے۔اعلامیے کے مطابق اتحادی جماعتوں کے سربراہی اجلاس میں ثاقب نثار، وکیل خواجہ طارق رحیم اور ان کی اہلیہ سے متعلق سامنے آنے والی آڈیوز پر غور کیا گیا اور سامنے آنے والی گفتگو کے نکات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔ اجلاس میں آڈیوز میں ملک میں مارشل لا لگائے جانے کی غیرجمہوری سوچ کی مذمت بھی کی گئی۔

اجلاس میں مفتی عبدالشکور کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی ملک وملت کیلئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، شرکا نے مفتی عبدالشکور کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبرجمیل کی بھی دعا کی۔اتحادی جماعتوں کے سربراہی اجلاس کے حوالے سے جاری کردہ اعلامیے کے تحت شرکا نے تھانہ سی ٹی ڈی ،کبل، سوات کے سانحے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل بھی دعا کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close