پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا اہم بیان آگیا

لاہور (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابات ہونے چاہئیں لیکن موجودہ صورتحال میں الیکشن ممکن نہیں۔ لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ، ملک احمد خان، سردار ایاز صادق، عطا اللہ تارڑ اور احد چیمہ سمیت دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں سپریم کورٹ میں جاری مقدمات اور سیاسی صورت حال پر مشاورت ہوئی۔

جہاں وفاقی وزیراعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ میں الیکشن سے متعلق سماعت پر بریفنگ دی، اجلاس میں سپریم کورٹ میں کل کی سماعت سے متعلق آئینی و قانونی پہلوؤں پر غور کیا گیا، فل بینچ کی استدعا مسترد ہونے پر نظرثانی درخواست سے متعلق بھی قانونی پہلوؤں پر مشاورت کی گئی۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ، سپریم کورٹ کا احترام ہے لیکن اختلافی نوٹ سے ابہام پیدا ہو گیا، ہم ملکی معیشت ٹھیک کرنے کے لیے دن رات کوشش کر رہے ہیں، مہنگائی کی لہر پر جلد قابو پالیں گے، اس دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن اکتوبر سے قبل کرانا مشکل ہیں، الیکشن ہونے چاہئیں لیکن موجودہ صورتحال میں الیکشن ممکن نہیں ہیں، ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ایک فارن فنڈڈ شخص نے سی پیک کو متنازع بنانے کا جرم کیا، پاکستان اور چین کی عظیم دوستی کی پیٹھ میں خنجر گھونپا گیا، امید ہے دونوں ممالک میں تجارتی سرگرمیوں میں ہر روز اضافہ ہوگا، چین کی قیادت اور عوام کی پاکستان کے لیے محبت اور تعاون ناقابل فراموش ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close