عمران خان نے کراچی کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا

لاہور(آئی این پی)سابق وزیر اعظم عمران خان سے تحریک انصاف کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے ملاقات کی جس میں ارسلان تاج اور رکن صوبائی اسمبلی شاہنواز جدون بھی موجود تھے۔زمان پارک میں ہونے والی ملاقات میں پی ٹی آئی کراچی کے صدر آفتاب صدیقی نے عمران خان کو کراچی میں جاری امپورٹڈ حکومت کی انتقامی کارروائیوں سے آگاہ کیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے انتقامی کارروائیوں کا شکار ارسلان تاج اور شاہنوازجدون کی ہمت اور حوصلے کو سراہا۔

عمران خان نے عام انتخابات کی تیاری کیلئے اہم ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر سیمینار منعقد کیے جائیں گے، انسانی حقوق کی پامالی و آئین پاکستان کی بالادستی کے عنوان پر سیمینارسے جلد خطاب کروں گا، پیپلز پارٹی اور (ن)لیگ ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان کے گھروں پر چھاپے، گرفتاریاں انسانی حقوق کی پامالی ہیں، ملک میں آئین کی کھلی خلاف ورزیوں کا عمل جاری ہے، کراچی والے حقیقی آزادی کی تحریک میں ہمیشہ آگے رہے، ظلم و جبر کے باوجود ڈٹے رہنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں