آٹے کی لائنوں میں موت بک رہی ہے، پانچ غریب شہید ہو گئے

لاہور (آئی این پی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے پورا ملک مہنگائی کی آگ میں جل رہا ہے، آٹے کی لائنوں میں موت بک رہی ہے، پانچ غریب شہید ہو گئے، پی ڈی ایم حکومت ناکام ترین، قوم کے لیے بوجھ بن گئی۔ حکومت اور الیکشن کمیشن کا انتخابات سے فرار سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی اور آئین شکنی ہے، ہمارا مخلصانہ مشورہ ہے کہ قومی انتخابات کی طرف جایا جائے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی سیز فائر کریں، سیاسی معاملات کو عدالتوں میں گھسیٹنے کی بجائے پارلیمنٹ میں مشاورت کی جائے،

تمام سٹیک ہولڈرز مل بیٹھیں اور مرکزی، بلوچستان اور سندھ اسمبلیاں تحلیل کرکے عوام کو آزادانہ اور طریقے سے اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع دیا جائے، ایسا نہیں ہوتا تو پہلے سے ہی کمزور جمہوری نظام کو شدید خطرہ لاحق ہوسکتا ہے، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی حالات کو مارشل لا کی جانب بڑھا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی انتخابات کے لیے تیاری مکمل ہے، ہم نے انقلابی منشور پیش کردیا، 23 مارچ سے گھر گھر دستک الیکشن مہم کا بھی آغاز کر دیا، اپنے جھنڈے اور انتخابی نشان ترازو کے ساتھ انتخابات میں جائیں گے، کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان ہماری منزل ہے۔ منصورہ میں سیکرٹری جنرل امیرالعظیم، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی جاوید قصوری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت پی ڈی ایم کا حصہ ہے،

ان کے اعلانات سے لگتا ہے کہ وہ لمبے عرصے کے لیے آئے ہیں، واضح کردینا چاہتے ہیں کہ یہ ملک ایک جمہوری پراسس کے ذریعے وجود میں آیا اور جمہوری عمل سے ہی قائم رہ سکتا ہے، ماورائے آئین اقدامات سے گریز کیا جائے، اس کے نتائج بھیانک ہوں گے، ہم آئین شکنی کرنے والوں کے خلاف مزاحمت کریں گے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ عدالتیں اپنی ذمہ داری پوری کرتیں تو حالات ایسے نہ ہوتے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے جلسے میں حکومت کی جانب سے روڑے اٹکانے کی مذمت کی اور کہا کہ پرامن جلسے جلوس ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہے۔

close