وزیر اعظم شہباز شریف نے سال 2023 میں کتنے طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کر دیا؟

اسلام آباد(آئی این پی)وزیر اعظم شہباز شریف نے رواں سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کر دیا۔ٹیلی سکول پاکستان ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ آج تعلیم کے حوالے سے بہت اچھا دن ہے، تعلیم کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بہت اہم ہے، ہونہارطلبا کو لیپ ٹاپ فراہم کریں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ وزیر تعلیم اور تمام متعلقہ افسروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،

انہوں نے کہا کہ بڑی بدقسمتی ہے ٹیچرز کی ٹریننگ کا معیار ٹھیک نہیں ہے، ٹیچرز کی ٹریننگ کے معیار کو بہتر بنانا ہوگا، وزیر تعلیم کو صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط پروگرام بنانا چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لیے اساتذہ کو معیاری تربیت کی فراہمی بنیادی اہمیت رکھتی ہے، اساتذہ کی معیاری تربیت کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر مربوط حکمت عملی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ووکیشنل ٹریننگ سیکٹرکی ترقی کے لیے نجی شعبے اور صوبوں سے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے، انہوں نے ٹیلی سکول ایپلی کیشن کے اجرا پر وزیر تعلیم اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔شہباز شریف نے کہا کہ تعلیم کا فروغ سب سے بڑا مقصد حیات ہونا چاہیے، وفاقی دارالحکومت میں موجود ایجوکیشن ٹریننگ سینٹرز میں جدت لانے کی ضرورت ہے، دانش سکول سسٹم کو بلوچستان سمیت ملک بھر میں فروغ دیا جا رہا ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دانش سکول سسٹم سے غریب طلبا کو معیاری تعلیم کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close