رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش ہوگئی

لاہور (پی این آئی) رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بج کر 23 منٹ پر ہوگئی۔

بتایا گیا ہے کہ 22 مارچ کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے سے زائد ہوگی، یوں اس روز چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔ بدھ کے روز غروب آفتاب 6 بج کر 41 منٹ پر ہو گا، جبکہ غروب قمر 7 بج کر 32 منٹ پر ہوگا۔ یوں غروب آفتاب کے بعد 51 منٹ تک چاند نظر آنے کا امکان موجود رہے گا۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے ملک کے کچھ علاقوں میں مطلع صاف جبکہ کچھ علاقوں میں مطلع ابرآلود ہو گا۔ جبکہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی کل بروز بدھ پشاور میں ہی ہو گا۔ بتایا گیا ہے کہ رواں برس رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں نہیں ہو گا۔ ترجمان مذہبی امور کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 22 مارچ کی شام پشاور میں ہوگا جس میں رمضان المبارک کے چاند کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔ جبکہ اسی روز زونل کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ دفاتر میں ہوں گے۔

رمضان کا چاند دیکھنے کیلئے رکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت چئیرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ جبکہ پشاور کی غیرسرکاری رویت ہلال کمیٹی مسجد قاسم علی خان نے بھی رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے 22 مارچ کو اجلاس بلالیا،اجلاس کی صدرات مفتی شہاب الدین پوپلزئی کریں گے۔ تاہم محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ پشاور میں بدھ کو مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، اس لیے پشاورمیں چاند نظر آنے کے امکانات بہت کم ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close