جنہوں نے قاتلانہ حملہ کیا وہ عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما کا انکشاف

لاہور (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا کام الیکشن کروانا ہے ظلم کرنا نہیں، تاریخ میں ایسا برا نگران سیٹ اپ نہیں دیکھا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما پی ٹی آئی فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان سکیورٹی خدشات کی وجہ سے پیش نہیں ہو رہے، آج عمران خان کی انڈر ٹیکنگ کو تسلیم نہیں کیا گیا، ان کی ضد ہے عمران خان کو گرفتار کر کے عدالت پیش کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی حاکمیت کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، عمران خان پر 85 جعلی مقدمات بنا دیے گئے، جنہوں نے وزیر آباد میں قاتلانہ حملہ کیا وہ عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں، جنہوں نے جے آئی ٹی کا ریکارڈ غائب کیا وہ عمران خان کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں، اگر گرفتار کریں گے توعمران خان کی جان کی کیا گارنٹی ہے؟۔سابق وزیر مملکت نے کہا کہ شاہ محمود قریشی، اسدعمر، فواد چودھری اور اعظم سواتی چیف سیکرٹری سے ملاقات کر رہے ہیں، ہم نے آپشن دیا ہے رمضان سے قبل جلسے کی اجازت دی جائے، مریم نواز کو چھوٹے چھوٹے گراؤنڈز میں سرکس کی اجازت ہے، مریم نواز چھوٹے چھوٹے شادی ہالز میں خطاب کر رہی ہے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ عمران خان کی تقریر پر پابندی لگائی جا رہی ہے، عوام کے دلوں سے عمران خان کی محبت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، عامر میر وہ شخص ہے جس کا نام لینا بھی پسند نہیں کرتا، چن چن کر نگران سیٹ اپ میں ایسے لوگوں کو لگایا گیا۔فرخ حبیب کا مزید کہنا تھا کہ جی بی پولیس نے کسی پر بندوق نہیں تانی، بندوقیں تاننے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، چیف منسٹر جی بی کے ساتھ سکیورٹی ہوتی ہے، چیف منسٹر جی بی جدھر جائیں گے سکیورٹی ان کے ساتھ ہوگی، زمان پارک میں کسی قسم کا کوئی دہشت گرد موجود نہیں، یہ ایک جھوٹا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، دہشت گرد نگران حکومت اور ان کی پولیس بنی ہوئی ہے۔۔۔

close