موٹر ویز پر سفر کے لیےمسافر گاڑیوں پر انتہائی سخت شرائط عائد کر دی گئیں، تفصیل جانیے

اسلام آباد(آئی این پی)موٹرویز پر حادثات پر قابو پانے کے لیے وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کا بڑا فیصلہ،موٹرویز پرداخلے کے لیے مسافر بردار گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفیکیٹ لازمی قرار، بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ داخلہ بند۔تفصیلات کے مطابق سانحہ کلرکہار پر آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمود کی وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود سے ملاقات ہوئی، آئی جی موٹروے پولیس نے کلرکہار بس سانحہ پر رپورٹ وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کو پیش کی،

رپورٹ کے مطابق باراتیوں کی بس اسلام آباد سے لاہور کی طرف جاتے ہوئے موٹروے (M-2) کلرکہار سالٹ رینج کے مقام پر بریک فیل ہونے کے باعث حادثے کا شکار ہوئی، موٹروے پولیس اطلاع ملتے ہی دو منٹ کے اندر جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔ لوکل انتظامیہ بھی آدھے گھنٹے کے اندر جائے حادثہ پر موجود تھی۔ حادثے میں تین دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا، اس المناک حادثے میں 14 افراد جاں بحق، 11 افراد شدید زخمی اور 31 افراد معمولی زخمی ہوئے،جاں بحق افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں،حادثے کی خبر ملتے ہی ڈی آئی جی موٹروے ملک محمد یوسف جائے حادثہ پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے، رپورٹ میں مزیدبتایا گیا کہ حادثے کے زخمیوں کو موٹروے پولیس نے ایف ڈبلیو او، ریسکیو 1122 اور موٹروے پولیس کی ایمبولینسز میں فوری طور پر ٹراما سینٹر کلرکہار منتقل کیا اور متاثرہ بس کو مزید قانونی کاروائی کیلئے متعلقہ ضلع پولیس کے حوالے کردیاگیا، ملاقات میں وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود نے ائی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمود کو ہدایات جاری کیں کہ موٹرویز پرداخلے کے لیے مسافر بردار گاڑیوں کا فٹنس سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دیا جائے اور بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ کسی بھی گاڑی کی موٹرویز پر داخلے پر پابندی عائد کی جائے۔ اس ضمن میں آئی جی موٹرویز چاروں صوبائی سیکرٹریز ٹرانسپورٹ کو اس اقدام کے بارے میں آگاہ کریں اور چاروں صوبائی سیکرٹریز ٹرانسپورٹ موٹر ویز پر داخلے سے قبل گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کی چیکنگ کو یقینی بنائیں۔

وزیر مواصلات نے مزید کہا کہ ان اقدامات کا مقصد موٹرویز پر مسافروں کو محفوظ سفر فراہم کرنا ہے جبکہ موٹروے پولیس موٹرویز پر محفوظ اور آرام دہ سفر کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کی ہدایت پر زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہے، اس تمام واقعہ کی براہ راست نگرانی آئی جی موٹروے پولیس خالد محمود نے کی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close