اسلام آباد (آئی این پی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالت کو چاہیے کہ وہ عمران خان کی فوری گرفتاری کا حکم دے، وہ عدالتوں کا تمسخر اڑا رہے ہیں، آج سب بے بس ہیں اور ایک شخص کو مہلت پر مہلت دی جا رہی ہے، عمران خان ایسا لاڈلہ ہے جو آئین و قانون کی پاسداری کا احترام نہیں کرتا ہے، وہ ایساشخص ہے جس نے ایک جھوٹی سازش کے پیچھے سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اورصدر مملکت سے آئین شکنی کرائی۔
پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک شخص عدالتوں کو مطلوب ہے اور اسی شخص نے آئین و قانون کو تماشہ بنا کر رکھا ہوا ہے، عدالت میں پیشی کے بجائے 2,3سو لوگوں کو لا کر دھاوا بول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص پہلے کہتا ہے کہ وہ زمان پارک سے عدالت نہیں جا سکتا، پھر کہتا ہے کہ عدالت کے احاطے سے گاڑی سے اتر کر پیش نہیں ہو سکتا تو بتایا جائے کہ عدالتوں کی جانب سے 22کروڑ عوام کو بھی ایسی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ایک شخص سوشل میڈیا پر کہتا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پر حملہ کر دو، کال دے کر پاکستانی عوام کو حملہ کرنے کیلئے اکساتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل بھرو تحریک چلانے والا خود اپنی ضمانتیں کرواتا پھر رہا ہے، عدالت کو چاہیے کہ وہ عمران خان کی فوری گرفتاری کا حکم دے، وہ عدالتوں کا تمسخر اڑا رہے ہیں، ان کا وکیل کہتا ہے کہ گاڑی سے حاضری لگوالیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج سب بے بس ہیں اور ایک شخص کو مہلت پر مہلت دی جا رہی ہے، عمران خان ایسا لاڈلہ ہے جو آئین و قانون کی پاسداری کا احترام نہیں کرتا ہے، وہ شخص ہے جس نے ایک جھوٹی سازش کے پیچھے سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اورصدر مملکت سے آئین شکنی کرائی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں