لاہور(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کو رہائی کے بعد سگار کا تحفہ دے دیا۔شیخ رشید رہائی کے بعد آج عمران خان سے ملاقات کے لیے زمان پارک پہنچے۔ عمران خان نے شیخ رشید کی خیریت دریافت کی اور حوصلے و جرات مندی کو سراہا۔
شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میری رہائی پر عمران خان نے مجھے سگار کا ڈبہ دیا ہو۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے شاید زندگی میں پہلی مرتبہ کسی کو سگار کا ڈبہ دیا ہے۔شیخ رشید عمران خان سے تحفہ وصول کرنے کے بعد کافی خوش بھی نظر آئے۔دوسری جانب سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزامات سے متعلق کیس میں عدالت نے دو مارچ کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے شیخ رشید کیخلاف مقدمے کی سماعت کی جس کے دوران اسلام آباد پولیس کی جانب سے مقدمے کا چالان پیش کیا گیا۔ہ شیخ رشید کو آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر 2 فروری کو رات گئے گرفتار کیا گیا تھا۔ پیپلز پارٹی کے ایک مقامی رہنما راجا عنایت نے شیخ رشید کے خلاف سابق صدر آصف علی زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شکایت درج کرائی تھی۔
شکایت گزار کی مدعیت میں تھانہ آبپارہ پولیس نے آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش سے متعلق بیان پر مقدمہ درج کیا تھا، جس میں پاکستان پینل کوڈ کی دفعات 120-بی، 153 اے اور 505 شامل کی گئی تھیں۔گرفتاری کے بعد انہیں اسی روز اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے ان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں