لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف نے آئندہ 24 گھنٹوں میں جیل بھرو تحریک کی کال دینے کا عندیہ دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسد عمر اور حماد اظہر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک آئندہ 24 گھنٹے کے نوٹس پر شروع ہو سکتی ہے۔
جیل بھرو تحریک میں ہزاروں افراد گرفتاری دینے کیلئے تیار ہیں، تیاری مکمل کرلی گئی ہے ہو سکتا ہے کہ اعلان کل یا پرسوں ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ عدلیہ کو ایک بڑی سازش کے تحت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، میں گورنرز کو کہتا ہوں کہ فوری طور پر اپنے عہدوں سے مستعفی ہوں۔ اس موقع پر اسد عمر نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو 4 روز گزر گئے ہیں، عدالت نے دو ٹوک کہا تھا کہ 90 دن کے اندر الیکشن کرانے ہیں، گورنر نے تاحال الیکشن کا اعلان نہیں کیا، پوری قوم دیکھ رہی ہے امپورٹڈ حکومت الیکشن سے بھاگ رہی ہے، یہ الیکشن سے بھاگنے کیلئے آئین توڑ رہے ہیں، اسی خطرے کے خدشے سے ہم نے آگاہ کیا تھا، حکومت اور ان کے ہمدرد کسی صورت الیکشن نہیں دیکھنا چاہتے، ان کو پتا ہے قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہو گئی ہے، الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا، ایک آئینی ماہر نے کہا اس معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی گرفتاری بنتی ہے۔اسد عمر نے مزید کہا کہ آئین کو توڑنے سے بڑا کوئی جرم نہیں ہو سکتا، اب پی ڈی ایم والوں نے بیان دینا چھوڑ دیئے ہیں۔
قانونی ماہرین کے مطابق آئین سے انحراف کی سزا غداری کے برابر ہے، بغیر وقت ضائع کیے عدالت کے حکم پر فوری الیکشن کا اعلان کیا جائے، پاکستان کا آئین خطرے میں ہے، آئینی بحران پیدا ہو چکا ہے، الیکشن نہ کرا کر بہت بڑا جرم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین سے انحراف کا گورنر کو کوئی استشنیٰ نہیں ہے، جسٹس منیر، مولوی تمیزالدین والے دور گزر گئے، ہمیں عدلیہ سے انصاف کی امید ہے، عدالت یقیناً آئین کے دفاع کیلئے کھڑی ہو گی، ہم آئین کا دفاع کریں گے امپورٹڈ حکومت کو گھسیٹ کر بیلٹ پیپر تک لیکر جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں