لاہور (پی این آئی) لاہور ہائیکورٹ سے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ریلیف ملنے کے بعد اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی پر پیشرفت ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی پر غور شروع کر دیا اور اس حوالے سے عمران خان اور پارٹی کے سنیئر رہنماؤں کے درمیان مشاورت کا سلسلہ جاری ہے
۔پی ٹی آئی نے ابتدائی مرحلے میں اپوزیشن لیڈر کیلئے 4 ناموں پر غور کیا ہے،جن ارکان قومی اسمبلی کے نام زیر غور ہیں ان میں طاہر صادق،نصر اللہ رضا گھمن،منزہ حسن اور ڈاکٹر نوشین حامد شامل ہیں،اسمبلی واپسی کی صورت میں جے ڈی اے اور پی ٹی آئی مشترکہ اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے 43 پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کو ایوان میں نہ آنے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا، خبروں میں سنا ہے کہ عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ معطل کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی کا فیصلہ تاحال اپنی جگہ موجود ہے۔ ذرائع قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا مزید کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ اس معاملے پر اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت کر رہا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے سابقہ فیصلوں کی روشنی میں حکمت عملی بنائی جائے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کیا تھا۔ لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے 43 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس شاہد کریم نے درخواست پر سماعت کی۔ ریاض فتیانہ سمیت سابق 43 ارکان قومی اسمبلی کی طرف سے علی ظفر پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ 43 راکین نے 23 جنوری کو اسپیکر کو استعفے واپس لینے کیلئے چٹھی لکھی تھی،اسپیکر نے استعفے منظور کرنے سے پہلے آئین کے تحت انکوائری نہیں کی اور کبھی اسپیکر کے پاس پیش نہیں ہوئے،وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ اراکین کو سنے بغیر اسپیکر استعفے منظور نہیں کر سکتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں