جیتو پاکستان کے نام پر فراڈ، 69 ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی

اسلام آباد(آئی این پی)سینیٹ کی داخلہ کمیٹی نے سینیٹر سرفراز بگٹی کے قافلے پر حملے کے معاملے پر تمام متعلقہ اداروں کو طلب کرلیا، ڈی جی ایف آئی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ جیتو پاکستان کے نام پر فراڈ میںملوث 69ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔منگل کوسینیٹ کی داخلہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔

اجلاس میںکمیٹی نے پشاور حملے، کوہاٹ ڈیم واقعے، لسبیلہ بس حادثہ اور ملک میں ہونے والے دیگر واقعات میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے فاتحہ خوانی کی۔سینیٹ کی داخلہ کمیٹی نے وزارت داخلہ کی درخواست پر ایجنڈے میں شامل قانون سازی کی کارروائی موخر کردی۔کمیٹی نے شمالی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کا معاملہ اٹھایا۔ آر پی او بنوں نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ٹارگٹ کلنگ میں ملوث گروہ کو بے اثر کر دیا گیا ہے اور اب وارداتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دہشت گردوں کو جدید ہتھیاروں سے لیس کیا گیا ہے جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے جس پر اس معاملے کو کمیٹی نے نمٹا دیا۔سینیٹر سرفراز بگٹی کے قافلے پر حملے کا معاملہ اٹھایا گیا۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مجرموں کا سراغ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم اب تک اس سلسلے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے کیونکہ سہ بارڈری علاقہ جرائم کے ارتکاب کے بعد مجرموں کے لیے فرار کا آسان راستہ ہے۔ کمیٹی نے اگلے اجلاس میں علاقے میں کام کرنے والے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو طلب کرنے کی ہدایت کے ساتھ معاملہ موخر کر دیا۔جیتو پاکستان کے نام پر سائبر فراڈ کا معاملے پر درخواست گزار نے کمیٹی کو اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کے بارے میں آگاہ کیا۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے نے بتایا کہ اس اسکینڈل میں ملوث 69ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور جلد گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ کمیٹی نے کیس میں پیش رفت کے لیے ایک ماہ کا وقت دے دیا۔۔۔۔۔

close