سرکاری بھرتیوں پر پابندی عائد کر دی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی نگران حکومتوں کے لیے گائیڈ لائنز جاری کردیں جس کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ نگران حکومتیں الیکشن کے انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت کریں۔الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی تمام وزارتوں، ڈویژن، محکموں اور اداروں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ الیکشن کمیشن کی منظوری کے بغیر کسی سرکاری ملازم کی تقرری یا تبادلہ نہیں ہوگا، اس کے علاوہ پنجاب اور خیبر پختوانخوا میں کسی ترقیاتی منصوبےکا اعلان نہیں کیا جائے گا، خیبرپختونخوا، پنجاب اورکینٹ بورڈ کے تمام ترقیاتی فنڈز انتخابات کے نتائج کے اعلان تک منجمد رہیں گے۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہےکہ سیاسی بنیاد پر بھرتی شدہ تمام اداروں کے سربراہان کو فوری برطرف کیا جائے، سابق وزرائے اعلی، وزراء، مشیران کی سرکاری رہائش گاہیں خالی کرائی جائیں اور سرکاری گاڑیاں بھی واپس لی جائیں۔الیکشن کمیشن نے حکم دیاکہ نگران وزرائے اعلیٰ اور وزراء تین روز کے اندر اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں