لندن (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے چیئرمین عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما خان نے کہا ہے کہ انہیں اپنی زندگی میں سیاست کی ضرورت نہیں ہے، سیاسی لڑائیوں سے دور رہنے کے لیے سیاسی معاملات میں بحث کرنے اور حصہ لینے سے گریز کرتی ہیں۔ خصوصی انٹرویو میں جمائما خان نے ہلکے پھلکے لہجے میں کہا کہ انہیں سیاست کو اپنی زندگی سے باہر رکھنے کی ضرورت ہے،
جمائما نے پاکستان اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ کے طور پر پاکستان میں گزارے 10 سال کے بارے میں جذباتی انداز میں بات کی اور بتایا کہ وہ جان بوجھ کر سیاسی معاملات سے دور رہتی ہیں تاکہ سیاست سے جڑے تنازعات سے دور رہیں۔یاد رہے کہ دو ہفتے قبل جمائما خان اور ان کے بھائی بین گولڈ سمتھ پاکستان کے سیلاب زدگان کے لیے اقوام متحدہ کے بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) پاکستان فلڈز اپیل اور پاکستان انوائرمنٹ ٹرسٹ کی مدد میں1 لاکھ 50ہزار پاؤنڈز سے زائد رقم جمع کرنے میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ بہن بھائیوں نے گزشتہ رات وسطی لندن میں ایک چیریٹی ڈنر کا اہتمام کیا جس میں 100 سے زائد پاکستانی اور بھارتی شخصیات نے شرکت کی، عشائیہ میں شرکت کرنے والے مہمانوں میں لندن کے میئر صادق خان، ناول نگار فاطمہ بھٹو، برطانوی پریزینٹرز نورین خان اور سیم ناز، پاکستان کے لیے بیرون ملک سرمایہ کاری کے مشیر ذیشان شاہ اور پاکستان میں برطانیہ کے سابق ہائی کمشنر ایڈم تھامسن بھی شامل تھے۔رپورٹ کے مطابق یونیسیف کی سفیر کے طور پر جمائما نے کہا کہ وہ اس تباہی سے متاثرہ بچوں اور خاندانوں کی مدد کے لیے اہم فنڈز اکٹھا کرنے میں مدد کر رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان انوائرمنٹ ٹرسٹ جس کی بنیاد میرے بھائی بین نے رکھی تھی، ایک ایسے ملک میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کام کر رہا ہے جسے عالمی ماحولیاتی بحران کے کچھ انتہائی مشکل اثرات کا سامنا ہے، ان دو عظیم اسباب کو جس چیز کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے وہ ہے مالی مدد، لہٰذا بین اور مجھے پاکستان کے لوگوں کے لیے آگاہی پیدا کرنے اور انتہائی ضروری فنڈز اکٹھا کرنے پر خوشی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں