مونس الہیٰ کی اہلیہ عدالت پہنچ گئیں، کیا درخواست دائر کر دی؟

لاہور(آئی این پی)وزیراعلی پرویز الہی کے بیٹے و سابق وفاقی وزیر مونس الہی کی اہلیہ تحریم الہی نے بیرون ملک جانے سے روکنے کی لسٹ میں نام ڈالنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا۔مونس الہی کی اہلیہ کی جانب سے درخواست میں مقف اختیار کہا گیا ہے کہ 4 بچوں کے ساتھ برطانیہ میں مقیم ہوں، 3 نابالغ بچے برطانیہ میں موجود ہیں، موسم سرما کی تعطیلات پر بچوں کے ساتھ پاکستان آئی تھی، منی لانڈرنگ کے الزام پر 5 جنوری کو ایف آئی اے کی جانب سے طلبی کا نوٹس ملا، وقت کی کمی کی وجہ سے 6 جنوری تک جواب نہیں دے سکی۔

انہوں نے کہاکہ منی لانڈرنگ سے متعلق غیر مصدقہ الزامات میڈیا پر چلوائے گئے، خاوند اورسسر کے پاکستان تحریک انصاف کو دھوکا دینے سے انکار پر انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، بدنیتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نام پرویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ میں ڈالا گیا ہے لہذا بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت دی جائے۔دوسری جانب وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے)نے وزیراعلی پنجاب پرویزالہی کے بیٹے راسخ الہی، ان کی اہلیہ اور مونس الہی کی اہلیہ سمیت 9 افراد کے نام پرویژنل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ پر ڈال دیے، ان افراد کے ایک ماہ تک ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

close