پی ٹی آئی کی ایک اورخاتون رکن اسمبلی کا وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو اعتماد کا ووٹ نہ دینے کا اعلان

لاہور (پی این آئی) مخصوص نشست پر منتخب ہونے والی تحریک انصاف کی ایم پی اے مومنہ وحید نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہی کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی مومنہ وحید نے پرویز الہی کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ مومنہ وحید مخصوص نشست پر ممبر پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھی ۔

انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الہیٰ کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ غلط تھا،انہیں ووٹ نہیں دوں گی۔میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں،میں 20 دن ہوٹل میں قید نہیں رہ سکتی۔پچھلی بار بھی میری بیٹی بیمار تھی، نہ میں اسے دیکھ سکتی تھی اور نہ وہ مجھے مل سکتی تھی۔۔جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کے اعتماد کے ووٹ پر پی ٹی آئی کے پارٹی ذرائع کی جانب سے تین ارکان کی مخالفت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔پارٹی ذرائع کے مطابق 3 ارکان فی الحال اعتماد کے ووٹ میں نہیں آئیں گے۔ان تین ارکان کے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے کا امکان ہے۔اس وقت پی ٹی آئی اور ق لیگ کو 187 ارکان کی حمایت حاصل ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی 11 جنوری سے پہلے اعتماد کے ووٹ کیلئے پارٹی رہنماؤں کو ٹاسک سونپ دئیے،اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان،میاں اسلم اقبال،سابق وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار اور محمود الرشید کو اس حوالے سے ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

عمران خان نے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 11 جنوری سے پہلے ہر صورت اعتماد کا ووٹ لیا جائے اور پارٹی رہنما ارکان اسمبلی سے رابطوں کا عمل جلد مکمل کریں۔اعتماد کے ووٹ کے بعد پارٹی فیصلوں کے مطابق آئندہ اقدامات ہوں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا 9 جنوری تک ارکان سے رابطوں کا عمل مکمل کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close