ایاز صادق نے پرویز الہی کو عمران خان سے متعلق مشورہ دیدیا

لاہور(آئی این پی)وفاقی وزیر سردار ایاز صادق نے وزیراعلی چوہدری پرویز الہی کو عمران خان سے متعلق مشورہ دے دیا۔لاہور میں سیمینار سے خطاب میں ایاز صادق نے کہا کہ خصلت تبدیل نہیں ہوتی، نواز شریف نے عمران خان کو اسپتال کیلیے زمین اور 50 کروڑ روپے دیے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنرل (ر)قمر جاوید باجوہ نے عمران خان کو اقتدار میں لانے کیلیے مشن شروع کیا اور ان پر احسان کیا۔

وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ منتخب لوگوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کرانے کیلیے انہیں مختلف پارٹیوں سے توڑا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ علیم خان، جہانگیر ترین نے بھی عمران خان پر احسانات کیے، پرویز الہی دیکھ لیں حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ نے کیا کہا تھا، جس پر احسان کرو، اس کے شر سے بچو۔ایاز صادق نے کہا کہ عمران خان نے ہر چیز زبانی کی، فیس بک اور ٹوئٹر کی اصلیت صفر بٹا صفر رہی۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردی ہو رہی ہے، جس میں فوج اور پولیس کے اہلکار شہید ہو رہے ہیں جبکہ عمران خان نے وہاں کے وزیراعلی کو لاہور بلایا ہوا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا نقصان ہم سب کا نقصان ہے لیکن عمران خان اس سے مستثنی ہیں، عمران خان کی حکومت نے ملک پر 45 ارب ڈالر کا مزید بوجھ ڈالا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close