میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا

لاہور(پی این آئی) پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ امتحانات کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا۔ پنجاب بورڈز کمیٹی آف چیئرمین(پی بی سی سی) کا گزشتہ روز اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمین شریک تھے۔اس اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے میں تعلیمی سال 2022-23ءکے لیے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات یکم اپریل 2023ءتا 20مئی 2023ءلیے جائیں گے۔اس سال تمام تعلیمی بورڈز میں نویں اور دسویں جماعتوں کے امتحانات چند ماہ کی تاخیر سے ہوئے تھے۔

کلاس دہم کے امتحانات مئی میں جبکہ کلاس نہم کے امتحانات مئی /جون میں لیے گئے۔ نہم کے امتحانات 26مئی کو شروع اور 10جون کو اختتام پذیر ہوئے اور 19ستمبر کو نتائج کا اعلان کیا گیا۔دہم کے امتحانات 10مئی کو شروع اور 25مئی کو ختم ہوئے جبکہ 31اگست کو نتائج کا اعلان کیا گیا۔دوسری طرف پنجاب حکومت کی طرف سے تمام نجی و سرکاری سکولوں کے لیے سردیوں کی چھٹیوں کا اعلان بھی کر دیا گیا ہے۔ پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری سکولوں کو 24دسمبر تا 31دسمبر موسم سرما کی چھٹیاں ہوں گی اور سکول 2جنوری 2023ءکو دوبارہ کھلیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں