لاہور (پی این آئی) اوورسیز پاکستانیوں سے موصول ہونے والی رقوم 26 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں، نومبر 2022 میں بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں نے 2 ارب 10 کروڑ ڈالرز وطن واپس بھجوائے، ترسیلات کا حجم 14 فیصد سے زائد کم ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں سے موصول ہونے والی رقوم کے حجم میں تشویش ناک کمی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق نومبر 2022 میں ترسیلات زر گزشتہ سال کے نومبر کے مقابلے میں 14 عشاریہ 3 فیصد کم رہیں۔ نومبر 2022 کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر میں 2.1ارب ڈالر کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ نومبر 2022 کے دوران ترسیلات زر میں ماہ بہ ماہ بنیاد پر 4.8فیصد اور سال بسال بنیاد پر 14.3فیصد کی کمی ہوئی۔جبکہ رواں مالی سال کے دوران جولائی تا نومبر کے دوران مجموعی طور پر 12ارب ڈالرز موصول ہوئے، یوں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں ترسیلات زر 9.6فیصد کم ہوگئیں۔نومبر 2022 کے دوران زیادہ تر ترسیلات زر سعودی عرب 498ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات 377.8ملین ڈالر، برطانیہ 299.1ملین ڈالراور امریکہ سے 229.4ملین ڈالر آئیں۔ یہاں واضح رہے کہ نومبر 2022 میں موصول ہونے والی ترسیلات 26 ماہ کی کم ترین سطح قرار دی جا رہی ہے۔ اگست 2020 کے بعد سے پاکستان کو موصول ہونے والی ترسیلات کا ماہانہ حجم کبھی بھی 2 ارب 10 کروڑ ڈالرز کی کم ترین سطح تک نہیں آیا۔
یہاں یہ بھی یاد رہے کہ تحریک انصاف کی سابقہ حکومت ترسیلات زر میں 12 ارب ڈالرز کا ریکارڈ اضافہ کرنے میں کامیاب رہی تھی، تاہم اب ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترسیلات میں 7.3 فیصد تک کمی ہوسکتی ہے۔ ورلڈ بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کو گزشتہ سال کے 31 ارب ڈالر کے مقابلے 2022 میں 29 ارب ڈالر کی ترسیلات ہوں گی۔ ورلڈ بینک کے مطابق جنوری اور ستمبر کے دوران ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 36 فیصد کمی ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں