عمران خان کا جنرل باجوہ پر ڈبل گیم کا الزام، وزیراعظم آزاد کشمیر نے کھل کر مخالفت کر دی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کا کہنا ہے کہ عمران خان کا سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ پر ڈبل گیم کا الزام حقیقت کیخلاف ہے،پی ٹی آئی کے اندر کے لوگوں نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ لڑایا،پارٹی کے اندر کے لوگوں کی پارٹی قیادت پر نظر ہے۔

سابق آرمی چیف،پی ٹی آئی اور عمران خان کے محسن ہیں۔ اینکر سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس نے کہا کہ فوج ایک ادارہ ہے،اس کے اندر ایک شخص انفرادی طور پر پالیسی نہیں بنا سکتا۔ساری دنیا میں اسٹیبلشمنٹ مختلف پلانز بنا کر رکھتی ہے،ملک کو اندرونی اور بیرونی طور پر تھریٹ ہوتا ہے،یہ ادارہ دونوں تھریٹ کیلئے تیار رہتا ہے،اسٹیبلشمنٹ نے ہمیں سپورٹ کیا۔عمران خان کو اسٹیبلشمنٹ سے لڑانے کے سوال پر وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی میں بیٹھے کچھ لوگوں نے ہی ایسا کیا۔عمران خان نے پیچھے کوئی شخص نہیں دیا جس نے سیاسی بیعت کرنی ہو،سب کی نظریں پارٹی قیادت پر لگی ہوئی ہیں۔بعض لوگوں کا خیال ہے کہ شاید پارٹی ٹوٹے اور اسٹیبلشمنٹ ہم پر ہاتھ رکھ دے۔ انکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں نے سابق آرمی چیف پر تنقید کی اور برا بھلا کہا جو نا انصافی ہے۔آرمی اور ہم میں فرق ہے،چونکہ وہ ایک لائن پر کام کرتے ہیں جبکہ سیاستدان بے مہار ہوتے ہیں اور اخبار میں ہیڈ لائن لگوانے کیلئے یہ نہیں سوچتے کہ ہم پارٹی کے ساتھ کیا کرنے لگے ہیں۔

اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی میں جو اختلافات یا فاصلے ہوئے اس سے ملک کو نقصان ہوا۔ جبکہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم شہباز شریف اور تنویر الیاس کے درمیان ایک تقریب میں تکرار بھی ہوئی تھی جس کے ردعمل میں وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کا میرے ساتھ ہتک آمیز رویہ نا قابل برداشت ہے،شہباز شریف ہماری تاریخ سے واقف نہیں ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں