ارشد شریف کے قتل کی ایف آئی آر درج کر لی گئی، کن تین ملزمان کو نامزد کیا گیا؟ بڑی خبر

اسلام آباد (پی این آئی ) سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے بعد سینئر صحافی و اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل کی ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ارشد شریف کے قتل کی ایف آئی آر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج کی گئی ہے، اس ایف آئی آر میں 3 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جن میں وقاراحمد، خرم احمد اور طارق احمد وصی شامل ہیں۔

 

 

 

بتاتے چلیں کہ سپریم کورٹ نے آج شام تک ارشد شریف کے قتل کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے رکھا تھا، اس حوالے سے سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل کیس ازخود نوٹس پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی، دورانِ سماعت چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے مکالمے میں کہا ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنی تھی جو واپس بھی آگئی، معاملے پر ارشد شریف کی والدہ کی چٹھی بھی آئی اور ہماری معلومات کے مطابق کیس میں کوئی ایف آئی آر پاکستان اور کینیا میں درج نہیں کی گئیں۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بتائیں کہ ایف آئی آر کیوں نہیں درج کی گئی؟ ایک رپورٹ وزارت کی جانب سے آنی تھی وہ ابھی تک کیوں نہیں آئی؟ اس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ ہمیں ایک رپورٹ ویک اینڈ پر ملی جو ہم عدالت میں جمع کرائیں گے، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ فیصل آباد میں تھے ان کے دیکھنے کے بعد جمع کرائیں گے۔

 

 

 

سماعت کے دوران جسٹس اعجازالاحسن نے استفسار کیا کہ رپورٹ میں ایسا کیا ہے جو سپریم کورٹ میں جمع نہیں کرائی جا رہی ہے؟ اس کا مطلب کے وزیر داخلہ کو رپورٹ پسند آئی تو پھر جمع کرائیں گے؟ اس موقع پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بیوروکریٹک معاملات کیوں سامنے لارہے ہیں؟ ہم وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کو بلا لیتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close