عمران خان نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ کیوں بنایا؟ چوہدری سالک کا تہلکہ خیز دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اور رہنما مسلم لیگ ق چوہدری سالک حسین کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم پرویز الٰہی کو نامزد نہ کرتی تو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کبھی انہیں وزیراعلٰی نہ بناتے۔پی ڈی ایم کا ساتھ دینا مسلم لیگ ق کا اندرونی فیصلہ تھا۔

چوہدری سالک حسین کا اپنا بیان میں کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی نے پارلیمانی ممبران کی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا تھا،فیصلے کے تحت چوہدری پرویز الٰہی کو پی ڈی ایم نے وزیر اعلٰی کیلئے منتخب کرنا تھا۔چوہدری شجاعت حسین نے پی ڈی ایم کو دی گئی زبان پوری کرنے کا کہا تھا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلٰی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی طرف جاتے جاتے اللہ نے راستہ تبدیل کروایا اور راستے دکھانے کے لیے اللہ نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کو بھیجا۔انہوں نے کہا کہ نہ سابق آرمی چیف نے ڈبل گیم کی اور نہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے،اللہ تعالیٰ نے راستہ دکھانے کے لیے باجوہ صاحب کو بھیجا۔انہوں نے کہا کہ میں نے بات کی کہ شریفوں سے یہ خطرات ہیں،سوچ کر چلیں،جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپ اور آپ کے دوستوں کیلیے عمران خان والا راستہ بہتر ہے۔عمران خان کے کہنے پر پنجاب اسمبلی توڑنے کو تیار ہوں، مارچ تک انتظار کرنے کا مشورہ دیا ہے،اپوزیشن کے پاس مذاکرات کیلیے یہ اچھا موقع ہے۔

شریف کہتے ہیں کہ ہم انہیں نا اہل کرادینگے۔ لیکن عمران خان ایسے نہیں جائیں گے، بلکہ پہلے انہیں ڈبوئیں گے۔ پرویزا لٰہی نے کہا کہ ہم نے مخالفین سے کوئی امید وابستہ نہیں رکھی ہوئیں۔ ہم ان سے کوئی امید نہیں رکھنا چاہتے اور نہ ہی اپنا وقت ضائع کرنا چاہتے ہیں۔عمران خان کی صرف آواز آنی ہے، میں نے کہنا ہے کہ اسمبلیاں ٹوٹ گئیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں