توشہ خانہ کیس، عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کی کارروائی شروع

اسلام آباد (پی این آئی) سابق وزیراعظم عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کوششیں شروع کر دی گئیں۔ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کی کارروائی شروع کر دی۔

الیکشن کمیشن نے عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کا نوٹس جاری کر دیا۔عمران خان کو پارٹی چئیرمین شپ سے ہٹانے کا کیس 13 دسمبر کو مقرر کر دیا گیا۔واضح رہے کہ گزشہ دنوں الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دیا اور فوجداری کارروائی کا حکم دیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ سنایا،الیکشن کمیشن نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو 63 ون پی کے تحت نااہل قراردیا۔الیکشن کمیشن نے کہا عمران خان کی نااہلی 5 رکنی کمیشن کا متفقہ فیصلہ ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے غلط گوشوارے جمع کروائے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے عمران خان کی قومی اسمبلی کی سیٹ خالی قرار دیا گیا،جبکہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا۔

الیکشن کمیشن نے 19 ستمبر کو دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کیخلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ سماعت کے دوران مسلم لیگ (ن) کے وکیل خالد اسحق نے مؤقف اپنایا تھا کہ ریفرنس میں سوال عمران خان کی جانب سے تحائف ظاہر نہ کرنے کا تھا اور عمران خان نے جواب میں تحائف کا حصول تسلیم کیا اور یہ بھی تسلیم کیا کہ تحائف گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے۔سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر کیا جانے والا توشہ خانہ ریفرنس حکمراں اتحاد کے 5 ارکان قومی اسمبلی کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی نے الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا۔

close