لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کیساتھ ایک اور لیفٹیننٹ جنرل کی ریٹائرمنٹ کی منظوری دیدی گئی

اسلام آباد(پی این آئی)لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کی ریٹائرمنٹ کی منظوری دے دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے منظوری سرکولیشن سمری کے ذریعے دی۔لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی ریٹائرمنٹ کا اطلاق 10 دسمبر 2022سے ہوگا۔ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کی ریٹائرمنٹ کا اطلاق فوری ہو گا۔قبل ازیں وزیراعظم نے لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی ریٹائرمنٹ کی منظوری دی۔

لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے نئے آرمی چیف کی نامزدگی کے فوراً بعد قبل ازوقت ریٹائرمنٹ کی درخواست دیدی تھی، جو جی ایچ کیو، وزارت دفاع سے پراسیس ہوتی ہوئی وزیراعظم آفس پہنچی جس کی شہباز شریف نے منظوری دے دی۔یاد رہے کہ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے اپریل 2023 میں ریٹائر ہونا تھا۔پاک فوج کے سینئر افسر لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے جنرل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف تعیناتی اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کی بطور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کے بعد قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا۔لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے27 اپریل 2023 کو ریٹائرڈ ہونا تھا۔کور کمانڈر بہاولپور کا نام نئے آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری میں شامل تھا۔لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے وزیر اعظم کو بھیجی گئی سمری میں پانچویں سینئر ترین جنرل تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا تعلق پی ایم اے لانگ کورس سے ہے، وہ ماضی میں آئی ایس آئی چیف رہ چکے، جبکہ اس وقت ان کے پاس کور کمانڈر بہاولپور کا عہدہ ہے۔لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے وزیر اعظم کو بھیجی گئی سمری میں تیسرے سینئر ترین جنرل تھے۔

لیفٹیننٹ جنرل اظہرعباس کا تعلق بھی پی ایم اے لانگ کورس سے ہے، انہیں اگلے سال 27 اپریل کو ریٹائر ہونا تھا، تاہم نئے آرمی چیف کی تعیناتی کے بعد انہوں نے رواں سال ہی قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں